حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،ایران میں اسلامی انقلاب کی سالگرہ اور عشرہ فجر کی تقریبات کا آغاز آج منگل کی صبح 9 بجکر 33 منٹ پر اس تاریخی لمحے سے ہوا جس لمحے بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی (رح) ایران کی سرزمین پر واپس تشریف لائے۔ اس موقع پر ایران کے تمام اسکولوں میں گھنٹی بجائی گئی۔
ایران میں 12 بہمن حضرت امام خمینی(رہ) کی وطن آمد سے لیکر 22 بہمن تک عشرہ فجر منایا جاتا ہے، آج 12 بہمن کی مناسبت سے حرم مطہر امام خمینی (رح) میں شاندار تقریب کورونا کی وجہ سے طبی اصولوں کے دائرے میں جارہی ہے۔ اس تقریب میں شہداء کے اہلخانہ ، جانبازان اور ان کے اہلخانہ اور ملک کی اعلی فوجی اور سول شخصات موجود ہیں، تقریب کا آغاز تلاوت قرآن مجید سے ہوا اور اس پروگرام میں قومی ترانہ بھی پیش کیا گیا۔
مہرآباد ہوائی اڈے سے لیکر بہشت زہرا (س) تک کے راستہ پر ہیلی کاپٹر کے ذریعہ پھول برسائے گئے اور موٹر سائیکل سواروں نے اس راستے میں شاندار پریڈ کا مظاہرہ کیا۔
واضح رہے کہ آج سے انقلاب اسلامی ایران کی کامیابی اور عشرہ فجر کی تقریبات کا آغاز ہوگیا ہے اور یہ سلسلہ 22 بہمن انقلاب اسلامی کی سالگرہ تک جاری رہےگا۔